01 اپریل ، 2012
راولپنڈی … دفاعی چیمپئن سیالکوٹ اسٹالینز نے فائنل میں کراچی ڈولفنز کو شکست دے کر سپر 8 ٹی 20 کپ جیت لیا، شعیب ملک اور حارث سہیل نے نصف سنچریاں اور دوسری وکٹ کیلئے ناقابل شکست 119 رنز کی شراکت قائم کی۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی ڈولفنز کے 167 رنز کے جواب میں سیالکوٹ اسٹالینز کی ابتدائی 2 وکٹیں 51 رنز پر گر گئیں تاہم حارث سہیل اور شعیب ملک نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 18.5 اوورز میں ہدف تک پہنچادیا، ان کے دو کھلاڑی آوٴٹ ہوئے۔ حارث سہیل نے 48 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے، سیالکوٹ اسٹالینز کے کپتان شعیب ملک نے 42 گیندوں پر 62 رنز اسکور کئے جس کے لئے 7 چوکے لگائے۔ اوپنر عمران نذیر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے، انہیں فراز احمد نے بولڈ کیاجو کراچی ڈولفنز کی جانب سے وکٹ لینے والے واحد بولر تھے۔ تنویر احمد 4 اوورز میں 43 رنز دے کر مہنگے ترین بولر رہے۔ اس سے قبل کراچی ڈولفنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18 ویں اوورز تک 3 وکٹ پر 153 رنز بنائے تھے تاہم بعد میں آنے والا کوئی بھی بیٹسمین ٹیم کے اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکا اور مقررہ اوورز میں ٹیم 8 وکٹ پر 167 رنز ہی بناسکی تھی۔