پاکستان
02 اپریل ، 2012

مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت،لیاری میدان جنگ بن گیا

مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت،لیاری میدان جنگ بن گیا

کراچی…افضل ندیم ڈوگر…کراچی کے علاقے لیاری میں گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے کارکن کی سی آئی ڈی پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں ہلاکت کے خلاف لیاری اور ملحقہ علاقوں میں آج دوسرے روز بھی صورتحال کشیدہ ہے۔ فائرنگ سے مزید دو افرادہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہنگامہ آرائی گزشتہ رات گئے تک جاری رہی تھی جس کے بعد آج صبح سویرے لیاری کے مختلف علاقے مکمل بند تھے۔ صبح دس بجے لیاری میں ہنگامہ آرائی کا سلسلہ پھر شروع ہوا جو لیمارکیٹ، آٹھ چوک، شیدی ولیج روڈ، چاکی واڑہ روڈ، کھارادر، موسیٰ لین، بغدادی، صدیق وہاب روڈ، ٹمبر مارکیٹ، یادگار چوک، چیل چوک، کلاکوٹ تک پھیل گیا۔ کھارادر میں بھی مختلف مقامات پر فائرنگ کرکے دکانیں بند کرادی گئیں۔ مختلف مسلح افراد ٹولیوں کی شکل میں گلیوں میں گشت کر رہے ہیں جو پولیس پر پتھراوٴ اور پیٹرول بموں سے حملے کر رہے ہیں۔ مختلف مقامات پر پولیس نے شیلنگ بھی کی جس سے کئی نوجوان متاثر بھی ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق مظاہرین پر پھینکے گئے آنسو گیس کے شیل نقاب پوش نوجوان اٹھا کر واپس پولیس پر پھینک دیتے ہیں۔لیاری کے علاقے نیا آباد سے آج صبح ایک نوجوان کی ہاتھ پاوٴں بندھی لاش ملی جسے سر میں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا، نوجوان کی شناخت نہیں ہوسکی، بعد ازاں کھارادر میں چھاپا گلی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے الیاس کوچ کا کنڈکٹر ماجد خان ولد پیر خان ہلاک ہوگیا،مقتول کورنگی کا رہائشی تھا۔ لیاری میں پولیس اور مظاہرین میں آنکھ مچولی کا سلسلہ آخری اطلاعات تک جاری تھا۔ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق حکومت سندھ نے ڈپٹی کمشنر ساوٴتھ کو لیاری میں ہونے والے پولیس مقابلے کا تحقیقاتی افسرمقرر کرکے واقعے کی رپورٹ 15 روز میں طلب کرلی ہے۔ گزشتہ روز بھی لیاری میں پولیس اور مشتعل افراد کے درمیان جھڑپوں اور جلاوٴ گھیراوٴ کا سلسلہ چلتا رہا اورعلاقے میں کاروبارزندگی معطل رہا۔

مزید خبریں :