پاکستان
19 فروری ، 2014

طالبان کی غیر مشروط جنگ بندی کے بغیر بات آگے نہیں بڑھے گی:حکومتی کمیٹی

طالبان کی غیر مشروط جنگ بندی کے بغیر بات آگے نہیں بڑھے گی:حکومتی کمیٹی

اسلام آباد…دونوں جانب سے امن کی خواہش کا اظہار، لیکن مذاکرات پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ حکومتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ طالبان کی غیر مشروط جنگ بندی کے بغیر بات آگے نہیں بڑھے گی ۔ طالبان کمیٹی کہتی ہے یک طرفہ جنگ بندی کا مطالبہ سمجھ سے بالاتر ہے، کالعدم تحریک طالبان نے جنگ بندی کی شرائط میڈیا کے ذریعے پیش کر دیں۔ حکومتی کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر عرفان صدیقی کہتے ہیں کہ طالبان کو پہلے بغیر کسی شرط کے سیز فائر کرنا ہو گا اور حکومتی کمیٹی یہ بات واضح کر چکی ہے۔ طالبان کو نہ صرف جنگ بندی کا اعلان کرنا ہو گا بلکہ اس پر عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کرانا ہو گی ورنہ امن مذاکراتی عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔ عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ مذاکراتی عمل کے ساتھ پرتشدد کارروائیوں نے سارے مذاکراتی منظر کو ہی بدل کے رکھ دیا ہے اور ابھی تک طالبان نے حکومتی کمیٹی کی اپیل کا کوئی مثبت جواب نہیں دیا، طالبان کی رابطہ کار کمیٹی کی نیت پرشک ہے نہ کوئی شکایت، اب دونوں کمیٹیز کا مل بیٹھنا تبھی ممکن ہے جب طالبان غیرمشروط طور پر خود تشدد ختم کرنے کا اعلان کریں گے۔ طالبان رابطہ کار کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا ہے کہ ڈیڈ لاک برقرار ہے، حکومت کی جانب سے یک طرفہ جنگ بندی کا مطالبہ سمجھ سے بالاتر ہے، جنگ بندی تو دو طرفہ ہی ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان نے جنگ بندی کے لیے چند شرائط پیش کردی ہیں۔ تنظیم کے مرکزی ترجمان شاہد اللہ شاہد کا کہناہے کہ حکومتی کمیٹی طالبان کی رابطہ کمیٹی کو یقین دہانی کرائے کہ حکومت تحریک طالبان کے کارکنوں کی بوری بند لاشیں پھینکنے، ان کی گرفتاریوں اور پولیس مقابلوں میں مارنے کا سلسلہ روک دے گی، پھر جنگ بندی کے لیے تیار ہیں۔ شاہد اللہ شاہد نے دعویٰ کیا کہ مذاکرات کے دوران ان کے مارے گئے کارکنوں کی فہرست جلدجاری کی جائے گی۔ طالبان رابطہ کار کمیٹی کے ترجمان مولانا یوسف شاہ کا کہنا ہے کہ تحریک طالبان کے رہنماوٴں سے ٹیلے فون پر رابطہ ہوا ہے مگر ابھی تک انہوں نے باضابطہ طور پر کوئی شرائط پیش نہیں کیں۔ سیکیورٹی ذرائع کہتے ہیں کہ 10ستمبر 2013ء کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد سے اب تک ملک بھر میں دہشت گردی کی وارداتوں میں 114فوجی، 38پولیس اہلکار اور 308سویلینز جاں بحق جب کہ ایک ہزار 264زخمی ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :