پاکستان
24 فروری ، 2014

اپوزیشن کا وزیرِ اعظم سے قومی اسمبلی کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ

اپوزیشن کا وزیرِ اعظم سے قومی اسمبلی کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ

اسلام آباد… اپوزیشن نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ طالبان کے خلاف آپریشن اور شام سے متعلق خارجہ پالیسی پر ایوان کو اعتماد میں لیں۔قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کہتے ہیں کہ افغانستان میں مداخلت سے سبق نہیں سیکھا اب شام میں مداخلت کرنے جا رہے ہیں۔ ارشد وحید چودھری کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے حکومت پر سخت تنقید کرتے کہا کہ پاکستان نے خارجہ پالیسی میں یو ٹرن لے لیا ہے ، دوسرے ممالک میں ٹینک اور میزائل دینے کی اطلاعات آ رہی ہیں،اگر سرکاری سطح پر دوسرے ملک میں اسلحہ فراہم کیا گیا تو بھارت کی بلوچستان میں مداخلت کے خلاف کیسے آواز اٹھائی جائے گی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم ایوان میں آ کر خارجہ پالیسی اور طالبان کے معاملے پر 20 کروڑ عوام کو اعتماد میں لیں، قیام امن کے لیے حکومت کے ہر قدم کی حمایت کی جائے گی، وزیر اعظم فیصلہ کریں، پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہو گی۔تحریک انصاف کے پارلیمانی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر آپریشن یا سرجیکل کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں تو یہ فیصلے کون کر رہا ہے،حکومت ذمہ داری نہیں لے رہی از خود فیصلے ہو رہے ہیں،خارجہ پالیسی پر یو ٹرن لینے کی وجوہات بتائی جائیں۔ایم کیو ایم کے سید آصف حسنین نے کہا کہ مذاکرات کی خلاف ورزی طالبان نے کی ، دہشت گردوں کے خلاف اب آپریشن کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، مذاکرات کی طرح آپریشن پر بھی ایوان کو اعتماد میں لیا جائے۔ عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کی بجائے ہمسایہ ممالک کی فکر ہے،نیرو بانسری بجا رہا ہے،فوج شمالی وزیرستان جا چکی ہے۔ شیخ رشید نے اعلان کیا کہ اگر وزیر اعظم نے قومی اسمبلی کواعتماد میں نہ لیا تو وہ ایوان چھوڑ دیں گے۔جماعت اسلامی کے شیر اکبر نے کہا کہ آپریشن یا جو کچھ بھی کرنا ہے،حکومت سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے۔اپوزیشن کے تحفظات پر وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی زاہد حامد نے کہا کہ سینئر سیاسی رہنما صرف مفروضوں پر بات کر رہے ہیں، کابینہ اجلاس میں طالبان اور شام کے معاملات کا جائزہ لے کر فیصلے کیے جائیں گے ، پھرحکومت ایوان کو بھی اعتماد میں لے گی۔ شیخ رشید نے اس جواب کو ناکافی قرار دیتے ہوئے احتجاجاً اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

مزید خبریں :