پاکستان
24 فروری ، 2014

کراچی کی 33 یونین کونسلوں میں طالبان قابض ہیں، کامران اختر

کراچی کی 33 یونین کونسلوں میں طالبان قابض ہیں، کامران اختر

کراچی …سندھ اسمبلی میں تحفظ ماحولیات اور سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن بل اتفاق رائے سے منظور کر لئے گئے۔وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ طالبان لاتوں کے بھوت ہیں، باتوں سے نہیں مانیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کی حمایتی تنظیموں پر بھی پابندی لگنی چاہیے۔کامران رضی کی رپورٹ کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس قائم مقام اسپیکر شہلا رضا کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں کراچی یونیورسٹی میں طالبانائزیشن کے متعلق توجہ دلاوٴ نوٹس پرایم کیو ایم کے رکن اسمبلی کامران اختر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے طالبانائزیشن کے خطرے سے تین برس قبل ہی آگاہ کردیا تھا، انہوں نے انکشاف کیا کہ کراچی کی 33 یونین کونسلوں میں طالبان قابض ہیں۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے بتایا کہ پیپلز پارٹی دہشت گردوں کے خلاف ایکشن چاہتی ہے، طالبان لاتوں کے بھوت ہیں باتوں سے نہیں مانیں گے،دہشت گردوں کی بالواسطہ یا بلا واسطہ حمایت کرنے والی تنظیموں پر بھی پابندی لگنی چاہیے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرو کی جانب سے پیش کئے گئے تحفظ ماحولیات بل اور سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن بل بھی اتفاق رائے سے منظور کر لئے گئے۔

مزید خبریں :