24 فروری ، 2014
پشاور…پشاورکے شمع سینما میں دھماکوں کے الزام میں گرفتارملزم نے اعتراف جرم کرلیا، ملزم کا کہنا ہے اسے دھماکے کرنے کے لئے 7 ہزار روپے دیئے گئے تھے۔ ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا۔ملزم حسن عرف اسرار کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا،جہاں ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بیان ریکارڈ کرایا۔14 سالہ ملزم حسن نے اقرار کیا کہ اسے اور اس کے کزن کو سینما میں دھماکے کرنے کے 7 ہزار روپے دیئے گئے۔ انھیں ہدف تک موٹرسائیکل کے ذریعے لایا گیا۔وہ دستی بموں کو سلوشن ٹیپ کے ذریعے اپنے جسم سے باندھ کر سینما ہال تک پہنچے۔ دوسری قطارمیں فلم دیکھنے بیٹھ گئے۔ شو کے دوران انہوں نے دستی بم پھینک دیئے جس میں چودہ افراد جاں بحق ہوئے۔وہ دونوں خود بھی زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اسرارکے کزن کو اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا۔ اس کی گرفتاری کے لئے بھی کاروائیاں کی جارہی ہیں۔ عدالت نے ملزم کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجوا دیا۔