24 فروری ، 2014
سبی…بلوچستان کے تاریخی و ثقافتی سبی میلے کی پانچ روزہ تقریبات کاآغاز ہوگیا ہے، تقریبات میں میلہ مویشیاں کے علاوہ مختلف کھیل پیش کئے جائیں گے اور بلوچستان کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔بلوچستان کے تاریخی و ثقافتی سبی میلے کی پانچ روزہ تقریبات کاآغاز صوبائی وزیرسروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن محمد خان شاہوانی نے کیا، اسکول کے بچوں نے خوبصورت پی ٹی شو پیش کیا، سبی کی تاریخ کا سب سے بڑا قومی پرچم بنایاچاروں صوبوں کے ثقافتی رقص، جب ایک ساتھ ایک میدان میں اترے تو حاضرین داد دئیے بغیر رہ نہ سکے۔ بلوچی چاپ سے حاضرین بھر پور لطف اندوز ہوئے ،گھوڑوں کا رقص، نیزہ بازی، صغراں بلوچ کی کمال مہارت سے موٹرسائیکل جمپ نے حاضرین کو حیرت زدہ کردیا۔طاقت کا عملی مظاہرہ کیا گیا، رسہ کشی کے مقابلے میں دونوں جانب سے زور لگانے والے کئی لوگ بھی درمیان میں موجود شخص کو اپنی جانب نہیں کھینچ سکے۔بڑی آنکھیں، لمبی گردن ، خوبصورت کمر کے مالک بھاگناڑی نسل کے جانورسمیت ملک کے چاروں صوبوں سے لائے گئے جانوروں کی گراوٴنڈ میں نمائش کرائی گئی۔ میلہ میں چاروں صوبوں کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سبی کا تاریخی میلہ 1885میں شروع ہوا، اب یہ میلہ تفریح کے ساتھ بلوچستان کے ثقافتی رنگوں کو اجاگر کرنے کے علاوہ ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔