02 اپریل ، 2014
کراچی …سندھ میں میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے۔ کئی شہروں میں انتظامیہ نقل روکنے میں ناکام رہی۔ کراچی میں بدانتظامی کے باعث پرچہ تاخیر کا شکار ہوا۔ سندھ بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے۔ امتحانی مراکز میں نقل روکنے کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی، لیکن کھلے عام خلاف ورزی ہوتی رہی، کوئی روکنے ٹوکنے والا نہ تھا۔ صوبہ سندھ کے مختلف میٹرک بورڈ کے تحت آج سے میٹرک کے سالانہ امتحانات شروع ہوگئے ہیں۔ اور آغاز پر ہی کھلے عام نقل بھی شروع ہوگئی۔ امتحان دینے والے امیدوار کتابیں سامنے رکھ کر پرچے حل کرتے دکھائی دیے، پھرا کلچر بھی عروج پر نظر آیا۔ بعض مراکز ایسے بھی تھے جہاں طلبہ نے امتحانی کاپی کو کلاس روم سے باہر لاکر حل کیا۔ نقل روکنے کیلئے امتحانی سینٹرز پر دفعہ 144 کا نفاذ بے معنی نظر آیا۔ فوٹو اسٹیٹ مشینوں کا کاروبار جوبن پر تھا۔ طلبہ کو نقل کا مواد پہنچانے کیلئے لوگ امتحانی مراکز کی دیواریں پھلانگتے دیکھے گئے۔ سکھر میں چیئرمین تعلیمی بورڈ نے گورنمنٹ ماڈرن اسکول میں پرچے کے دوران چھاپا مار کر نقل کرتے پکڑے گئے 2طالبعلموں کو امتحانی مرکزسے باہرنکال دیا۔ امتحانی سینٹرز میں موبائل فون اور حل شدہ پرچوں کے ذریعے بھی نقل جاری تھی اور امتحان لینے والا عملہ تماشائی کا کردار ادا کر رہا تھا۔