08 اپریل ، 2014
نئی دہلی…بھارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کل 5 ریاستوں کے7 حلقوں میں الیکشن ہوگا،ان میں میگھالے، ناگالینڈ ،اروناچل پردیش، منی پور، اور مزورام کی ریاستیں شامل ہیں۔10 اپریل کو ہونے والے تیسرے مرحلے میں 14 ریاستوں کے 92 حلقوں کے عوام پولنگ میں حصہ لیں گے،ان ریاستوں میں ہریانہ، مقبوضہ جموں و کشمیر، کیرالا، مہاراشٹر، جھاڑ کھنڈ، انڈیمان اور نکوبار جزائر، بہار، مدھیا پردیش، اڑیسہ، اترپردیش، چھتیس گڑھ، چندی گڑھ اور دہلی شامل ہیں ، 12 مئی تک جاری رہنے والی پولنگ کے نتائج کا اعلان 16 مئی کو کیا جائے گا۔ موجودہ لوک سبھا کی مدت 31 مئی کو پوری ہورہی ہے۔بھارت کی تاریخ کے سب سے طویل عرصے تک ہونے والی ووٹنگ میں لوک سبھاکی 543 نشستوں کے لیے81کروڑ 40 لاکھ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے،جن کیلئے 9 لاکھ 30 ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے،انتخابات میں اس بار وزیراعظم کے لیے کانگریس رہنما راہول گاندھی اور بی جے پی کے انتہا پسندرہنما نریندر مودی اہم امیدوار ہیں ، کانگریس کامیابی کی صورت میں مسلسل تیسری بار اقتدار میں آسکتی ہے ، جب کہ نئی ابھرنے والی جماعت عام آدمی پارٹی کے اروند کیجریوال بھی ٹف ٹائم دینے کو تیار ہیں، جو49 دن دارالحکومت نئی دلی کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں ۔