پاکستان
06 اپریل ، 2012

حسین حقانی کو بھی وہی سہولت ملنی چاہئے جو منصور اعجاز کو ملی، وزیراعظم

حسین حقانی کو بھی وہی سہولت ملنی چاہئے جو منصور اعجاز کو ملی، وزیراعظم

حیدر آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کراچی کی صورتحال پر تشویش ہے، قیام امن کیلئے صوبائی حکومت کی مدد کریں گے، حسین حقانی کو بھی وہی سہولت ملنی چاہئے جو منصور اعجاز کو ملی، صدر صاحب جہاں بھی جائیں مخالفین تنقید کرتے ہیں، نیٹو سپلائی کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کو کرنا ہے، حافظ سعید کا معاملہ اندرونی ہے، امریکا کے پاس ثبوت ہیں تو پاکستان کو دے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے وفاقی وزیر قانون مولا بخش چانڈیو کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر صاحب جہاں بھی جائیں، مخالفین تنقید کرتے ہیں، ن لیگ کو اپوزیشن کا رول بھی ادا کرنا ہے اس لئے تنقید ان کا حق ہے لیکن پیپلز پارٹی کے کارکن اپنے انداز میں تنقید کرتے ہیں ۔ وزیراعظم گیلانی کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی نے کرنا ہے، ہم نے نہیں، حافظ سعید کا معاملہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے، حافظ سعید کیخلاف امریکا یا بھارت کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو پاکستان کو دیئے جائیں، پاکستان کی عدالتیں آزاد ہیں وہ حافظ سعید کے بارے میں فیصلہ کرسکتی ہیں، بھارت کے ساتھ ہمارا تحویل مجرمان کا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔ میمو کیس سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حسین حقانی کو بھی وہی سہولت ملنی چاہئے جو منصور اعجاز کو ملی، جس طرح منصور اعجاز کا بیان ریکارڈ کیا گیا، حقانی کا بھی کیا جاسکتا ہے، منصور اعجاز نے پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہوکر پارلیمنٹ کی توہین کی۔ کراچی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے صوبائی حکومت کی مدد اور صورتحال پر قابو پانے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے شہری محب وطن ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کو ہدایت کی ہے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔

مزید خبریں :