پاکستان
16 اپریل ، 2014

وزیراعظم نوازشریف سے سابق صدر آصف زرداری کی ملاقات

وزیراعظم نوازشریف سے سابق صدر آصف زرداری کی ملاقات

اسلام آباد…وزیراعظم نواز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری کی ملاقات میں تحفظ پاکستان آرڈیننس، کراچی آپریشن ، طالبان مذاکرات ، قومی سلامتی اورسیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی ہے۔ دونوں رہنماوٴں نے باہمی مشاورت سے تمام معاملات حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ مشکلات اور مسائل ایک بار پھر نواز زرداری کو قریب لے آئے۔ اسلام آباد میں ون آن ون اور وفود کی سطح ملاقات میں دونوں نے اپنے اپنے مسائل بتائے۔وفاق جمہوریت کا استحکام چاہتا ہے،طالبان سے مذاکرات بھی اہم مسئلہ ہیں، سینیٹ سے تحفظ پاکستان بل پاس کرانا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کا مسئلہ یہ ہے کہسندھ حکومت مالی مسائل کا شکار ہے، طالبان سے سلمان تاثیر اور یوسف گیلانی کے بیٹے چھڑانے ہیں مگر تحفظ پاکستان بل پر تحفظات بھی ہیں۔یہی وہ سارے معاملات ہیں جو دونوں نے ایک دوسرے کے سامنے رکھے۔ نواز شریف نے آصف زرداری کی مشکلات حل کرنے کی اور آصف زرداری نے حکومت کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی اور باہمی مشاورت سے تمام مسائل حل کرنے کا عزم کیا۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوٴں نے سیاسی مداخلت کے بغیر کراچی ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔وزیراعظم ہاوٴس میں ہوئی ملاقات میں نواز شریف کی معاونت وزیرخزانہ اسحاق ڈار، ماہر قانون اور وفاقی وزیر زاہد حامد اور وزیراعظم ہاوٴس کے ایڈیشنل سیکریٹری فواد حسن نے کی، جبکہ آصف زرداری کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ ، سینیٹر رضا ربانی اور حکومت سندھ کے مشیر خزانہ مراد علی شاہ تھے۔

مزید خبریں :