07 اپریل ، 2012
عارف والا … وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صدر آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کی بھول ہے کہ چمک چھین لیں گے،وہ وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دے دیں گے لیکن اربوں روپے کی ملکی دولٹ لوٹ کر سوئس بینکوں میں جمع کرانے والے زرداری کا استقبال نہیں کریں گے۔ عارف والا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صدر زرداری کو چیلنج کیا کہ پشاور سے کراچی تک جہاں بھی ان کا موڈ ہو نکل آئیں لوگ ان کو ان کی اصل شکل دکھا دیں گے، سو بار حکومت کو چھوڑ دوں گا لیکن زرداری کا استقبال نہیں کروں گا، وہ ایسے استقبال اور ایسی سیاست پر لعنت بھیجتے ہیں، اگر بے نظیر بھٹو ہوتیں تو وہ ایک بار نہیں 100 مرتبہ ان کا استقبال کرتے کیونکہ بے نظیر ایک جمہوری قوت تھیں لیکن مسٹر زرداری نے 10 کروڑ عوام کے خلاف سازش کی اور پنجاب کو اندھیرے میں دھکیلا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشرف کو زرداری نے نکالا نہیں بلکہ 21 توپوں کی سلامی دی، مشرف اور اس کے چیلے اب بھی زرداری کے ساتھی بنے ہوئے ہیں۔