07 اپریل ، 2012
لاہور … لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا ہے ہم نے یہ نہیں دیکھنا کہ روزانہ کتنے مقدمات نمٹائے گئے بلکہ یہ دیکھنا ہے کہ ہر کیس میں انصاف فراہم ہو، اس اصول پر نہ سمجھوتہ کریں گے نہ کسی کو کرنے دیں گے، انصاف کی فراہمی کیلئے ججوں کی تعداد بڑھانی ہوگی۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں تربیتی کورس مکمل کرنے والے ایڈیشنل سیشن ججوں کو اسناد دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدلیہ نے کئی سال بعد اپنا وہ مقام حاصل کیا ہے جو اس نے خود ہی سرنڈر کردیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ایک سول جج کے پاس 900 سے زیادہ کیس ہیں جو تینوں صوبوں کے سول ججوں سے زیادہ ہیں، اگر انصاف دینا ہے تو ہمیں مقدمات کی تعداد کم اور ججوں کی تعداد کو بڑھانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ تربیتی پروگراموں کے ذریعے کام میں بہتری آئے گی صوبے میں انصاف کی فراہمی بہتر اور بار ایسوسی ایشنوں کو بھی فائدہ ہوگا۔