07 اپریل ، 2012
اسلام آباد … ووٹرلسٹوں کی تیاری کے عمل کی نگرانی کیلئے الیکشن کمیشن میں خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے۔ ووٹرلسٹوں کی تیاری کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)شاکراللہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس میں کمیشن کے ارکان اور صوبائی الیکشن کمشنرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر نئی ووٹر لسٹوں کی تیاری کے عمل کو مانیٹر کرنے کیلئے خصوصی کوآرڈی نیشن سیل قائم کیا گیا جس کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل الیکشن سید شیر افگن کو مقرر کیا گیا ہے۔ خصوصی سیل چاروں صوبوں سے روزانہ کارکردگی رپورٹس لے گا اور اعتراضات کا جائزہ لے کر فیصلے کرے گا۔ جسٹس (ر) شاکر اللہ نے الیکشن کمیشن حکام کو ہدایت کی ہے کہ حتمی انتخابی فہرستیں، جنگی بنیادوں پر تعطیلات کی بھی پرواہ کیے بغیر مئی سے پہلے تیار کی جائیں۔