پاکستان
07 اپریل ، 2012

حکومت نیٹو سپلائی بحالی کیلئے پارلیمنٹ کو ڈھال بنارہی ہے، فضل کریم

حکومت نیٹو سپلائی بحالی کیلئے پارلیمنٹ کو ڈھال بنارہی ہے، فضل کریم

کراچی … مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کا کہنا ہے کہ ملک آتش فشاں بنا ہوا ہے، ملک میں بدترین مہنگائی اور بیروزگاری ہے جبکہ حکمران صرف بیان بازیوں میں مصروف ہیں، حکومت نے پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر نیٹو فورسز کو فضائی راستے سے سپلائی بحال کردی اور اب زمینی راستے سے سپلائی بحالی کیلئے پارلیمنٹ کو ڈھال بنایا جارہا ہے۔ کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل کریم نے کہا کہ سیاسی بد اعمالیوں کی وجہ سے ملک خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی نے ملک کو کمزور کردیا ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جبکہ سندھ اور کراچی کی پولیس انتظامیہ سیاسی اثر و رسوخ کی بنیاد پر مجرموں، دہشت گردوں، بھتہ خوروں اور لینڈ مافیا کی سرپرستی کررہی ہے۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے رہنماوٴں نے مطالبہ کیا کہ کرپٹ پولیس افسران کو برطرف کیا جائے جبکہ پارلیمنٹ کو چاہئے کہ وہ نیٹو سپلائی کی بحالی مسترد کردے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر اضافہ عوامی مینڈیٹ کے منافی ہے، اس میں 10روپے فی لیٹر کمی کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر نیٹو فورسز کو فضائی راستے سپلائی بحال کردی اور اب زمینی راستے سے سپلائی بحالی کیلئے پارلیمنٹ کو ڈھال بنایا جارہا ہے۔

مزید خبریں :