08 اپریل ، 2012
راولپنڈی… آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے سیاچن کے گیاری سیکٹر کا دورہ کیا اور برف کے تودے تلے دبے جوانوں کی تلاش کے کام کا جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیاہے کہ گیاری سیکٹرمیں گرنے والا برفانی تودہ 80 فٹ اونچا اور ایک کلومیٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ ہفتے کی صبح حادثے کے ایک گھنٹے کے اندر 21 افراد موقع پر پہنچ گئے تھے جنہوں نے اپنے طور پر امدادی کارروائی شروع کردی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس وقت 180 فوجی اور 60 سویلین افراد امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔آرمی ،فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور گلگت بلتستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کی بھاری مشینری موقع پر موجود ہے۔ اس کے علاوہ راول پنڈی سے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے بھی بھاری مشینری لائی گئی ہے جس سے برف اور پتھروں کو توڑا اور ہٹایا جارہا ہے۔ جدید ترین آلات سے لیس آرمی انجینئرز کی خصوصی تربیت یافتہ ٹیموں کے ساتھ ساتھ سراغ رساں کتوں سے بھی مدد لی جارہی ہے۔ تلاش اور امداد کے کام پر نظر رکھنے اور اسے مربوط و موثر بنانے کے لئے گیاری میں ہیڈکوارٹر 10 کور اور ہیڈکوارٹر ایف سی این اے میں خصوصی انتطامات کئے گئے ہیں۔