05 مئی ، 2014
کراچی …کراچی میں وکلا کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے والے کچھ وکلا دیوار پھلانگ کر اسمبلی احاطے میں بھی داخل ہوگئے۔شہر کے تمام بارز کے وکلاء سندھ ہائی کورٹ میں جمع ہوئے جہاں سے انہوں نے ریلی کی صورت میں سندھ اسمبلی تک مارچ کیا۔ اسمبلی کے سامنے وکلاء نے دھرنا دیا اور نعرے بازی کی۔ ان کا مطالبہ تھا کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے جاں بحق وکلاء کے لواحقین کو امداد دینے کے اعلان پر عملدرآمد کیا جائے جبکہ سٹی کورٹ اور دیگر عدالتوں میں سیکیورٹی کے اقدامات بہتر بنائے جائیں۔ بعض وکلاء دیواریں اور دروازے پھلانک کر اسمبلی کے احاطے میں داخل ہوگئے، اس دوران وکلاء اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔اس موقع پر وکلاء سے بات کرتے ہوئے سینئر وزیر نثار کھوڑونے کہا کہ اسمبلی آپ ہی کی ہے اور آپ کو اس کی عزت کرنی ہے۔وکلاء رہنماوٴں کا کہنا تھا کہ، وہ ذاتی مفاد کیلئے یہاں نہیں آئے، لیکن ان کی جائز شکایات کا بھی نوٹس نہیں لیا جارہا۔پیپلز پارٹی کے سینئر وزیر نثار کھوڑو کی یقین دہانی کے بعد وکلاء نے احتجاج ختم کردیا۔