10 اپریل ، 2012
پشاور… پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پشاور کے ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب اور شہر سمیت صوبے کے اکثر اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ پشاور میں مقامی اربن ٹراسپورٹرز اور بین الاضلاعی ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے پہیہ جام کی کال دی جس کے بعد صبح ہی سے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہو گئی۔ بس اسٹاپس پر مسافروں کا رش لگ گیا۔پشاور سے کسی دوسرے شہر کے لئے بھی مسافر گاڑیاں نہیں چل سکیں جس کے باعث ہزاروں مسافر اپنی منزل مقصود کے لئے روانہ نہیں ہو سکے۔ٹرانسپورٹرز نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ٹائر جلائے اور جی ٹی روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔پشاور کے علاوہ چارسدہ، مردان،صوابی، اور نوشہرہ میں بھی پبلک ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔