10 اپریل ، 2012
کراچی… سندھ بھرمیں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات جاری ہیں ،کئی مراکز پر نقل کا سلسلہ نہ رک سکا۔ میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے تحت آج میرپورخاص، تھرپارکر ، عمرکوٹ اور سانگڑھ میں میٹرک کا کیمسٹری کا پرچہ تھا، جہاں کھلے عام نقل کے علاوہ دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود غیر متعلقہ افراد بھی منڈلاتے دکھائی دیتے رہے ۔ ثانوی تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے زیرانتظام بدین، دادو، ٹنڈوالہ یار ، ٹنڈومحمدخان، مٹیاری ،نواب شاہ، جامشورو، اور ٹھٹھہ سمیت دیگر اضلاع میں آج مطالعہ پاکستان کا پرچہ ہوا۔ تعلیمی بورڈ کی جانب سے تمام اضلاع میں 209 امتحانی سینٹرز اور ان میں نقل کی روک تھام کیلئے25 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، تاہم اس کے باوجودبیشترامتحانی مراکز میں کھلے عام نقل جاری ہے، لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے تحت آج نویں جماعت کے بیالوجی اور کمپیوٹرسائنس کے پرچے ہوئے،یہاں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں، بیشتر امتحانی مراکز پر کھلے عام نقل جاری ہے اور کوئی روکنے ٹوکنے والا نہیں۔ سکھرتعلیمی بورڈ کے تحت آج نویں جماعت کا انگریزی کاپرچہ ہوا، نوشہروفیروز میں پانچواں پیپر بھی امتحان شروع ہونے سے پہلے آوٴٹ ہوکر پہنچ گیا فوٹو اسٹیٹ کی دوکانوں پر جہاں پیپر کی کاپیاں کرانے کے لئے طلبا کا رش لگا رہا، امیدواروں کو نقل کرانے کے لئے بڑی تعداد میں مددگار بھی موجود ہیں، میڈیا پر مسلسل کوریج کے باوجود نقل پورے زور و شور سے جاری ہے کوئی روکنے والا نہیں،اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سید غضنفر علی شاہ سے رابطہ کی کوشش کی گئی ،لیکن وعدہ کے باجود انہوں نے موقف نہیں دیا۔