پاکستان
11 اپریل ، 2012

انور بیگ ن لیگ میں شامل،قبل از وقت انتخابات چاہتے ہیں،نواز

انور بیگ ن لیگ میں شامل،قبل از وقت انتخابات چاہتے ہیں،نواز

اسلام آباد… مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ قبل از وقت انتخابات چاہتے ہیں، جب تک موجودہ حکومت رہے گی مسائل بڑھتے جائیں گے۔ نوازشریف نے پیپلزپارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ میں آنے والے سابق سینیٹر انور بیگ کے ہمراہ اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دی، انہوں نے انور بیگ کو پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا رکن نامزد بھی کیا ، صحافیوں کے سوالات پر نوازشریف کا کہنا تھاکہ انکی جماعت نیٹو سے متعلق اپنے موقف پر قائم ہے اور اسے اس پر کوئی ابہام نہیں ہے، نوازشریف نے کہاکہ الیکشن قبل از وقت ہونے چاہیئں ، حکومت خود ہی عام انتخابات کا اعلان کردے تو اسکے لئے بہتر ہوگا، ہر روز حکومت کے بڑے کرپشن اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں جو جمہوریت پر داغ بن رہے ہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں کرپشن بڑھ رہی ہے، آئے دن نئے اسکینڈل سامنے آرہے ہیں، حکومت کو اپنے فرائض پورے کرنے چاہئیں۔ حکومت کے اچھے کام کی حمایت اور غلط کی مخالفت کرتے رہیں گے۔مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر کو نیٹو سپلائی سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔ امریکا کو ڈرون حملوں پر پاکستان کے تحفظات کو سمجھنا چاہیے۔ پاکستان دنیا کے ساتھ چلنا چاہتا ہے، دنیا کو بھی پاکستان کے مسائل سمجھنے چاہئیں۔ایک سوال کے جواب میں نواز شریف نے بتایا کہ یونس حبیب کو قانونی نوٹس بھجوادیا ہے، یونس حبیب نے بہت سارے ناموں میں ان کا نام بھی لے لیا۔انہوں نے کہا کہ کرفیو لگانا گلگت کے مسئلے کا حل نہیں۔ اگر گلگت بلتستان حکومت مسئلہ حل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی تو مرکزی حکومت کردار ادا کرے۔

مزید خبریں :