11 اپریل ، 2012
اسلام آباد… انتخابی اخراجات کے مقدمہ کی سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ہلکے پھلکے اندازمیں ریمارکس دئے۔۔ انہوں نے کہاکہ گھر میں کوئی بیوی سے لڑا ہو تو وہ آنے والے امیدوار کے گلے پڑ جاتا ہے۔ انہوں نے قومی ایشوزمیں نجی چینلزکے کردارکی تعریف کی۔ چیف جسٹس افتخارمحمدچودھری نے دوران سماعت ریمارکس دئے کہ انتخابی مہم میں گھر گھر جانے والے امیدواروں کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے، گھر میں کوئی بیوی سے لڑا ہو تو وہ آنے والے امیدوار کے گلے پڑ جاتا ہے، بعض ووٹر تو اس لئے ناراض ہوتے ہیں کہ امیدوار صرف الیکشن میں نظر آتا ہے، جیت کر پھر نظر نہ آنے والوں سے عوام کیوں تنگ نہ آئیں۔ درخواست گزار عابد منٹو نے تجویز دی کہ ریاستی ٹی وی اور ریڈیو ، انتخابی مہم میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔چیف جسٹس نے کہاکہ نجی چینلر قومی ایشوز میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،جسٹس خلجی عارف نے کہاکہ الیکٹرانک میڈیا اپنی ذمہ داری بہت اچھی طرح نبھا رہا ہے، گزشتہ عام انتخابات میں بھی اس نے اچھا کردار ادا کیا تھا۔