11 اپریل ، 2012
گلگت … گلگت میں آج نویں روزبھی بدستورکرفیو نافذ ہے،اسکردو میں سوگ کی فضا قائم ہے،گزشتہ روز نگرسے بازیاب ہونے والے مغویوں کو حکام کے حوالے کردیا گیا ہے، ۔ مغویوں کی بازیابی میں قائدملت جعفریہ گلگت بلتستان آغا راحت حسین الحسینی نے مرکزی کردار ادا کیا جو منگل کومرکزی انجمن امامیہ گلگت کیایک وفد کے ہمراہ نگر گئے اور مقامی علماء اور عمائدین سے کامیاب مذاکرات کے بعد وہاں محصور 33 افراد کو بخیریت گلگت پہنچے۔۔انہوں نے ان افراد کو سرکاری حکام کے حوالے کردیا،اس موقع پربازیاب ہونیوالے مغویوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے علماء کرام اور نگر کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب گلگت شہر میں آج مسلسل نویں روز بھی کرفیو نافذ ہے، کرفیو کے چوتھے روز دو گھنٹے اور ساتویں روز تین گھنٹے کاوقفہ دیاگیاتھاجس کے بعد کرفیو میں کوئی وقفہ نہیں دیا گیا۔ کرفیوکے دوران ہی گلگت کے علاقہ مجینی محلہ میں گھر گھر سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔چلاس میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے گئے اسکردو کے ایک اور مسافر سید روح اللہ کی میت اسکردو پہنچنے پر شہر میں سوگ منایا گیا اور تمام کاروباری مراکز بند کردئے گئے، بعد میں روح اللہ کی نماز جنازہ امامیہ جامعہ مسجد میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور قاتلوں کی گرفتاری کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین نے وفاقی داخلہ رحمان ملک کے متضاد بیانات کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی۔