12 اپریل ، 2012
واشنگٹن . . . .سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے واشنگٹن میں صدر بارک اوباما اور وزیر دفاع لیون پنیٹا سے ملاقاتیں کیں جن میں شام کی صورت حال دو طرفہ اور علاقائی معاملات پر بات چیت کی گئی۔سعودی وزیر دفاع ایسے وقت میں امریکا کا دورہ کررہے ہیں جب شامی حکومت نے آج سے مخالفین کے خلاف کارروائی روکنے کا اعلان کیا ہے۔ وائٹ ہاوٴس کے بیان میں کہا گیا کہ صدر اوباما اور وزیر دفاع لیون پنیٹا سے شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کی ملاقاتوں میں شام کی صورت حال ، مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں سیاسی تبدیلی ، ایران ، یمن ، دہشت گردی ، اسرائیل فلسطین امن عمل اور سعودی امریکا تعلقات کو مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پینٹا گون کے حکام نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ شام میں حکومت مخالفین کو مسلح کرنے کے معاملے پر وزرائے دفاع ملاقات میں کوئی بات چیت ہوئی یا نہیں۔ سعودی عرب حکومت مخالفین کو مسلح کرنے کے حق میں ہے جبکہ امریکا انہیں صرف غیر فوجی امداد فراہم کرنا چاہتا ہے۔