12 اپریل ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ میں بلوچستان امن امان کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے آئی جی بلوچستان کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری اسٹیبلیشمنٹ کو آئی جی کو فوری معطل کرنے کی ہدایت کی ہے کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کررہا ہے۔ چیف جسٹس نے ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان سے استفسار کیا کہ سات لاپتہ افراد میں سے صرف 3 کو پیش کیا گیا، باقی کہاں ہیں۔ چیف جسٹس نے آئی جی بلوچستان کی عدالت میں عدم حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری اسٹیبلیشمنٹ کو فوری سپریم کورٹ طلب کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ آئی جی بلوچستان اور متعلقہ ایس پی کو معطل کرکے جیل بھجوایا جائے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان مین آگ لگی ہوئی ہے اور یہ لوگ خاموش ہیں۔