12 اپریل ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ میں بلوچستان میں بازیاب کرکے لائے گئے 3 افرادکوعدالت کے سامنے پیش کردیا گیا جنہیں عدالت کے حکم پر رہا کر دیا گیا۔ باز یاب کرائے گئے افراد میں میرجان، امیر خان اور گل میر شامل ہیں۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ بلوچستان امن امان کیس کی سماعت کی۔عدالت میں پیش کیئے گئے بازیاب افراد نے عدالت کو بتایا کہ ان کو روز قبل رات کو اغواء کیا گیا تھا۔عدالت نے ان تینوں افراد کو فوری رہا کرنے اور آئندہ بلااجازت گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کل آئی جی بلوچستان، متعلقہ ایس پی اور ایس ایچ او کو لازمی طلب کرلیا۔ اس سے قبل سماعت شروع ہونے پر چیف جسٹس نے آئی جی بلوچستان کی عدالت میں عدم حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری اسٹیبلیشمنٹ کو فوری سپریم کورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئی جی بلوچستان اور متعلقہ ایس پی کو معطل کرکے جیل بھجوایا جائے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان مین آگ لگی ہوئی ہے اور یہ لوگ خاموش ہیں۔