23 جنوری ، 2012
اسلام آباد… ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ مختلف مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں،گھانچے میں گذشتہ سال بے گھر ہونے والے خاندان ابھی تک خیمہ بستیوں میں زندگی گزارنے پرمجبور ہیں ۔ ایبٹ آباد سمیت ہزاراہ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، نتھیا گلی اور گلیات سمیت مختلف علاقوں میں 4 سے 5 فٹ برف پڑ چکی ہے جس سے رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ ایبٹ آباد سے مری جانیوالی شاہراہ بھی متعدد مقامات پربند ہے، مانسہرہ ، بٹ گرام اور کوہستان میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے،جس سے شاہراہ قراقرم چھترپلین کے مقا م پر بند ہوگئی ہے، شاہرہ کاغان بھی نو دن سے بند ہے ،،بلتستان ڈویژن کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، گھانچے کے گاؤں تلس میں گذشتہ سال کی لینڈ سلائیڈنگ میں بے گھر ہونے والے سیکڑوں خاندان شدید سردی میں عارضی خیمہ بستیوں میں مقیم ہیں، شمالی بلوچستان میں گذشتہ دو روز سے جاری برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے ، کوڑک ٹاپ پر شدید برفباری کے بعد چمن کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ آزادکشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری جاری ہے۔