13 اپریل ، 2012
پیانگ یانگ. . . .شمالی کوریا نے امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی تنقید اور مخالفت کے باوجود طویل فاصلے تک جانے والے راکٹ کا تجربہ کیا جو ناکام رہا۔شمالی کوریا کی طرف سے اس تجربے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم جنوبی کوریا ، جاپان اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ تجربہ ناکام رہا۔ جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے مطابق شمالی کوریا نے مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجکر انتالیس منٹ پر ٹونگ چینگ ری لانچ سائٹ Tongchang-ri launch site سے لانگ رینج راکٹ خلاء میں روانہ کیا تاہم راکٹ پرواز کے ڈیڑھ منٹ بعد ہی ٹکڑوں میں تبدیل ہوکر سمندر میں جاگرا۔ شمالی کوریا کی جانب سے راکٹ لانچ کیے جانے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔ امریکی وائٹ ہاوٴس کے ترجمان نے تجربے کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا نے خود کو مزید تنہا کرلیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے معاہدوں کی خلاف ورزی کی اورخطے کی سکیورٹی کو خطرے میں ڈالاہے امریکی فوج کی ناردرن کمانڈ کا دعویٰ ہے کہ شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔اس سے پہلے شمالی کوریا نے اعلان کیا تھا کہ وہ لانگ رینج راکٹ کے ذریعے موسمیاتی سیارہ زمین کے مدار میں بھیجے گا۔