13 اپریل ، 2012
پیونگ یونگ… بین الاقوامی دباوٴ ، مخالفت اور مذمت کے باوجود شمالی کوریا نے راکٹ لانچنگ کا تجربہ کیا جو ناکام رہا۔ شمالی کوریا نے بھی راکٹ لانچ کی ناکامی کا اعتراف کرلیا۔ شمالی کوریا حکام کے مطابق زمین کا مشاہدہ کرنے والا مصنوعی سیارہ مدار میں داخل ہونے میں ناکام ہوگیا ہے۔ ان کاکہنا ہے کہ سائنسدان ، تکنیکی عملہ اور ماہرین ناکامی کی وجوہات جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔ شمالی کوریا نے مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجکر انتالیس منٹ پر ٹونگ چینگ ری لانچ سائٹ Tongchang-ri launch site سے لانگ رینج راکٹ خلاء میں روانہ کیا تاہم راکٹ پرواز کے ڈیڑھ منٹ بعد ہی ٹکڑوں میں تبدیل ہوکر سمندر میں جاگرا۔ شمالی کوریا کی جانب سے راکٹ لانچ کیے جانے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔