02 جولائی ، 2014
لاہور........جیونیوز کی مکمل بحالی نہ ہونے اور جنگ گروپ کے اخبارات کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈالنے کے خلاف لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔پی ایف یو جے اور کونسل آف پاکستان پریس کلبز کی جانب سے لاہور پریس کلب کے سامنے لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں صحافیوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور جیو نیوز کو مکمل بحال نہ کئے جانے اور جنگ گروپ کے خلاف جاری کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔احتجاجی کیمپ کے شرکا کا کہنا تھا کہ جیو نیوز اور جنگ گروپ کے خلاف جاری کارروائیوں سے ہزاروں کارکنوں کے روزگار کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔پی ایف یو جے اور کونسل آف پریس کلبز کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ احتجاجی کیمپ جیو نیوز کی مکمل بحالی اور جنگ گروپ کے خلاف جاری کارروائیوں کے خاتمے تک جاری رکھا جائے گا۔