23 جنوری ، 2012
لاہور… قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پارلیمنٹ کی قرار دادوں پر عمل نہیں ہوتا، نیٹو سپلائی کی بندش اور شمسی ائر بیس قرارداد کی وجہ سے خالی کرائی گئی۔ فیصل کریم کنڈی نے لاہور میں پنجاب اسمبلی کا دورہ کیا اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کہنا تھا کہ پارلیمانی قرار دادوں پر عمل کیا جا رہا ہے فروری کے پہلے ہفتے میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہو گا جس میں پارلیمانی کمیٹیوں کی سفارشات پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں چالیس سال سے کم عمر کے ارکان پر مشتمل یوتھ پارلیمنٹ فورم قائم کر دیا گیا ہے۔ جس کا مقصد نوجوان ارکان اسمبلی کو پارلیمانی امور کی تربیت دینا ہے۔