14 اپریل ، 2012
کراچی… کراچی کے علاقے لیاری میں آج دوسرے دن بھی صورت حال کشیدہ ہے اور لی مارکیٹ سے لیاری آٹھ چوک جانے والی سڑک پر نامعلوم افراد نے جلاوٴ گھیراوٴ کر کے سڑک بند کرادی ہے۔گلبہار میں کریکر حملوں میں پانچ افراد ذخمی ہوگئے۔لی مارکیٹ میں گزشتہ روز پولیس کارروائیوں کے خلاف شروع ہونے والے احتجاج کا سلسلہ آج صبح بھی جاری رہا جو اب شہر کے مختلف علاقوں میں پھیلنا شروع ہوگیا۔گلبہار میں دو گھنٹوں کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے کریکر حملے کئے جس کے نتیجے میں پانچ افراد خمی ہوگئے۔سولجر بازار میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔دوسری جانب مشتعل افراد نے لی مارکیٹ سے آٹھ چوک لیاری جانے والی مرکزی شاہراہ پر ٹائر جلائے اور پتھراوٴ کیا۔نامعلوم افرادنے لی مارکیٹ، نیا آباد، اور جونا مسجد کے علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی جس کے باعث صبح سویرے کھلنے والی دکانیں اورکاروبار بند ہوگیا۔ کشیدہ صورت حال کے پیش نظر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری لی مارکیٹ چوک پر تعینات کردی گئی ہے۔ میٹرک بورڈ کراچی نے لیاری میں قائم امتحانی مراکز پر ریاضی کا پرچہ ملتوی کردیا ہے، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ادھر کشیدگی کے باعث گولیمار کے علاقے میں واقع سینیٹری مارکیٹ بھی بند کر دی گئی ہے۔