14 اپریل ، 2012
کراچی…سندھ ہائی کورٹ نے سا بق وزیر اعلی ارباب غلام رحیم کی درخواست پر صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 60 مٹھی تھرپارکر مین ضمنی انتخاب کے لیئے جاری عمل معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دیگر کو 19 اپریل کے لیئے نوٹس جاری کردئے ہیں۔جسٹس منیب اختر اور جسٹس سید حسین اظہر رضوی پر مشتمل بنچ نے 22 مارچ کا اسپیکر سند ھ اسمبلی کا وہ نوٹیفیکشن بھی معطل کردیا جسکے ذریعے اسمبلی میں ارباب غلام رحیم کی نشست کو خالی قرار دیا گیا تھا۔ ارباب رحیم کے بیٹے اور انکے اٹارنی ارباب عنایت اللہ نے آئینی درخواست کے زریعے اس نشست کو خالی قرار دینے کو چیلینج کیا تھا لیکن گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے اس بنیاد پر حکم امتناع جاری کرنے سے انکار کردیا تھا کہ ابھی کوئی الیکشن شیڈول جاری نہیں ہوا۔ الیکشن کمیشن نے جمعے کو اس حلقے مٰں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیا تھا جسکے مطابق انتخابی عمل کو 16 اپریل کو کاغذات نامزدگی کی وصولی سے شروع ہوکر 19 مئی کو پولنگ پر ختم ہونا تھا۔ آج انکے وکیل رشید رضوی نے اپنی درخواست کی فوری سماعت کی درخواست کی جسکی سماعت کے بعد بنچ نے انتخابی عمل معطل کرتے ہوئے مزید سماعت کے لیئے 19 اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے۔