23 جنوری ، 2012
لاہور … آئی جی پولیس پنجاب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ شہباز تاثیر، امریکی شہری وارن اسٹائن اور تاجر رہنما عامر ملک کی رہائی کیلئے اغوا کاروں نے اربوں روپے تاوان مانگا ہے، کچھ فرمائشیں بھی کی ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پولیس کے ساتھ وفاقی ادارے بھی شہباز تاثیر، وارن اسٹائن اور عامر ملک کے اغواء کی تفتیش کر رہے ہیں، جلد پیش رفت سامنے آئے گی۔ ملتان سے 2 غیر ملکیوں کے اغواء کے بارے میں آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ انہیں تاوان کے لئے اغواء کیا گیا ہے۔ غیر ملکی این جی اوز نے سیکیورٹی نہیں مانگی تھی اور کہتے ہیں کہ فلاحی کام کے لئے وہ سیکیورٹی پر یقین نہیں رکھتے، تاہم ان کی کسی خفیہ سرگرمیوں کے پہلو پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔