05 اگست ، 2014
کراچی.......سندھ کابینہ نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ جشن آزادی منانے کے لیے نثار کھوڑو کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اہم اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ سندھ کابینہ نے 14 اگست کو جشن آزادی شاندار طریقے سے منانے کیلئے سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں آئی جی سندھ نے کابینہ کو صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں کراچی میں ٹارگٹڈآپریشن کو جاری رکھنے اور پولیس کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے، سندھ کے بارڈرز اور ریلوے اسٹیشنز پر قائم چیک پوسٹوں پر مزید نفری تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ آئی جی سندھ نے اجلاس کو بریفنگ میں کہا کہ رواں سال 2014 میں قتل کی وارداتوں میں 38 فیصد، اغواء برائے تاوان میں 88 فیصد، بھتا خوری میں 33فیصد اور بینک ڈکیتی میں 100کمی آئی ہے۔ اجلاس میں سندھ کابینہ نے محکمہ پولیس میں مزید 10ہزار جوان بھرتی کرنے کی منظوری دے دی جب کہ تمام حساس تنصیبات پر سیکیورٹی میں اضافے اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید متحرک کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔