05 اگست ، 2014
کراچی........دنیا بھر کے ممالک اپنی افواج میں مشکل ترین آپریشن کرنے والے یونٹ تیار کرتے ہیں جن میں شامل کمانڈوز کو اعلیٰ ترین درجے کی تربیت دی جاتی ہے۔ آرمڈ فورسز ہسٹری میوزیم نے دنیا کی دس بہترین اسپیشل آپریشنز فورسز کی فہرست ویب سائٹ پر شائع کی ہےجس میں پاکستان کا نام بھی شامل ہے۔ اسپیشل آپریشنز فورسز کسی بھی فوج کے ماتھے کا جھومر ہوتی ہیں، ان میں شامل جوانوں کو کڑی تربیت کی بھٹی سے گزارا جاتا ہے۔ بہترین صلاحیتوں سے مالا مال یہ کمانڈوز مشکل ترین چیلنجوں کو قبول کرتے ہیں اور انہیں ممکن بناتے ہیں۔ آرمڈ فورسز ہسٹری میوزیم نے دنیا کی دس بہترین اسپیشل آپریشنز فورسز کی فہرست ویب سائٹ پر شائع کی ہے جس میں پاکستان کے اسپیشل سروسز گروپ کو نویں نمبرپر جگہ دی گئی ہے۔ پاکستان کی اسپیشل آپریشنز یونٹ کو اسپیشل سروسز گروپ یا ایس ایس جی کہا جاتا ہے۔ یہ فورس بلیک اسٹارکس black storks اور اپنی منفرد ٹوپی کی وجہ سے ’’Maroon Beret‘‘ کے نام سے بھی جانی جاتی ہے۔ اسپیشل سروسز گروپ کا قیام مارچ 1956 میں عمل میں آیا جو دس طرح کے مشنوں کے لیے تیار کی گئی ،ان میں غیر روایتی جنگ، اسپیشل آپریشنز، ایٹمی پھیلاؤ کے انسداد، دہشت گردی کے انسداد، داخلی دفاع، دشمن کی جاسوسی، براہ راست کارروائی اور یرغمالیوں کو آزاد کرانے جیسے مشن شامل ہیں۔ پاکستان کی یہ اعلیٰ ترین فورس امریکی فوج کی گرین بیریٹس berets اور اور برطانوی فوج کی ایس اے ایس سے ملتی جلتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اسپیشل سروسز گروپ میں تقریباً 7ہزار جوان سرگرم ڈیوٹی پر رہتے ہیں جبکہ اس کی لڑاکا بٹالینز کی تعداد 10ہے۔ تاہم ٹاپ سیکرٹ ہونے کی وجہ سے صحیح تعداد انتہائی خفیہ رکھی جاتی ہے۔ آرمڈ فورسز ہسٹری میوزیم کی فہرست میں برطانیہ کی اسپیشل آپریشنز فورسز پہلے نمبرپر ہے جسے ایس اے ایس کہا جاتا ہے۔ اس میں شامل جوانوں کو زمین، فضا اور سمندر میں کارروائیاں کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔ دوسرا اور تیسرا نمبر امریکا کی دو اسپیشل آپریشنز فورسز کا ہے۔ ان میں مشہور زمانہ نیوی سیل ٹیم سکس اور ڈیلٹا فورس شامل ہیں۔ نیوی سیلز وہی ہیں جنہوں نے ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن کیا تھا ۔ فہرست میں اسرائیلی اسپیشل فورسز شے تیت تھرٹین Shayetet 13 کو چوتھے نمبرپر جگہ دی گئی ہے جبکہ جرمنی کی جی ایس جی نائن کو پانچویں، پولینڈ کی گروم Grom کو چھٹے، فرانس کی بریگیڈ کو ساتویں ، آسٹریا کی ایکو کوبرا کو آٹھویں، پاکستانی اسپیشل سروسز گروپ کو نویں اور روس کی اسپیشل سروسز فورسز اسپیس ناز Spetsnaz کو دسویں نمبر پر جگہ دی گئی ہے۔