06 اگست ، 2014
اسلام آباد.....وزیراعظم نواز شریف نے آج بھی سیاسی رہنماؤں سے مشاورت کی ہے۔انہوں نے اعجاز الحق ، ساجد میر اور غازی گلاب جمال سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں لانگ مارچ،انقلاب مارچ اورموجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ملک میں ایسی ہلچل مچی ہے جیسے کوئی سونامی آنےوالا ہو، طوفان کو ہوا دینے اور اسے روکنے ، دونوں کی کوششیں تیز تر ہوتی جارہی ہیں ،کل کا دن کا بھی ہنگامہ خیز گزرا ، مارچ کرنےوالوں نے حکومت کو تڑیاں لگائیں ۔دوسری جانب حکومتی کیمپ مضبوط کرنے کی کوششیں بھی جاری رہیں جن کی قیادت خود وزیراعظم نواز شریف کررہے تھے ۔آج بھی رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ وزیراعظم آج بھی اہم سیاسی شخصیات سے احتجاجی مارچ ، مظاہروں اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کررہےہیں، اب تک ملاقات کرنے والوں میں مسلم لیگ ضیا کے اعجاز الحق ، فاٹا سے رکن قومی اسمبلی غازی گلاب جمال اور جماعت اہلحدیث کے رہنما ساجد میر شامل ہیں ۔ ان ملاقاتوں میں وزیراعظم کے معتمد اور اہم وزرا بھی شامل ہیں ۔گزشتہ روز آصف زرداری اور نواز شریف کے رابطوں بعد آج اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور عمران خان سے ملاقات متوقع ہے ، جبکہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق خود بھی عمران خان سے ملاقات کے لیے جائیں گے ۔