16 اپریل ، 2012
بنوں… بنوں جیل پر حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وفاقی وزارت داخلہ کو ارسال کر دی گئی ہے رپورٹ میں واقعے کو پولیس کی غفلت اور انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی قرار دیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق خیبر پختون خوا کی وزارت داخلہ کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو بنوں جیل واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ ارسال کردی گئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بنوں جیل پر سو سے ڈیڈھ سو مسلح افراد نے حملہ کیا جو 25 گاڑیوں میں آئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے دو گھنٹے تک جیل میں کارروائی کی۔رپورٹ میں اس امر پر حیرانگی کا اظہار کیا گیا ہے کہ ایک کلو میٹر سے کم فاصلے پر ایک تھانہ جبکہ چار کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر دو پولیس تھانے واقع ہیں اس کے باوجود پولیس بروقت کارروائی کے لئے موقع پر نہ پہنچ سکی۔رپورٹ میں واقعے کو انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی قرار دیا گیا ہے اور اسکی تحقیقات کا بھی کہا گیا ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فرار ہونے والوں میں 269 سزا یافتہ 89 زیر تفتیش 21پھانسی کے قیدی جبکہ پانچ خواتین قیدی بھی شامل ہیں۔