16 اپریل ، 2012
لاہور … لاہور میں پسند سے شادی کرنے والے جوڑے کی رشتہ دار خواتین اور مرد آپس میں لڑپڑے،جی پی او چوک کئی گھنٹے میدان جنگ بنارہا، خواتین نے ایک دوسرے کیخلاف گھونسوں اور لاتوں کا آزادانہ استعمال کیا۔ پسند کی شادی کرنے والے جوڑے عامر اور عابدہ کی ہائی کورٹ میں پیشی کے دوران دونوں خاندانوں کے مرد اور خواتین جمع ہوگئے اور لڑکی کو لے جانے کے معاملے پر ایک دوسرے سے الجھ پڑے اور ایک دوسرے کو گالیاں دیتے رہے اور لڑتے رہے ،اس دوران سیکیورٹی نے لڑکی اور لڑکے کو خواتین کے چنگل سے بچاکر خفیہ راستے سے باہر نکال دیا جس کے بعد عابدہ کی رشتہ دار خواتین جی پی اوچوک میں اکھٹی ہوگئیں اورپولیس پر پتھراوٴ اور جوتیوں کی بارش کردی۔ خواتین نے لیٹ کرمال روڈ کی پوری ٹریفک جام کردی اور کئی گھنٹے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ خواتین نے اس موقع پر عابدہ سے شادی کرنے والے عامر کے 2 دوستوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جو بے ہوش ہوگئے اور سڑک پر گرگئے۔ خواتین کا مطالبہ تھاکہ جب تک عابدہ ان کے حوالے نہیں کی جاتی وہ سڑک سے نہیں ہٹیں گی۔ اس موقع پر خواتین پولیس اور پولیس حکام نے مظاہرے میں شامل بزرگ خواتین سے مذاکرات کئے جس کے بعد وہ منتشر ہوگئے۔