16 اپریل ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن کے اہل خانہ سے رائے مانگی ہے، وہ جہاں کہیں گے، حکومتی اخراجات پر بھجوانے کو تیار ہیں، زبردستی نہیں کریں گے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ وہ کل یمن کے سفیر سے ملاقات میں اسامہ کی فیملی کی واپسی کے معاملے پر بات کریں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان کی حکومت کے ساتھ وہاں موجود تربیتی کیمپس کی تفصیلات کاتبادلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انٹیلی جنس معلومات کے مطابق تربیت یافتہ افراد کارروائی کے بعد قندھار سے سوئٹزر لینڈ اور لندن کال کرتے ہیں، ملا فضل اللہ کا علاج کنڑ کے سرکاری اسپتال میں جاری ہے۔ رحمان ملک نے کہا کہ بنوں کا واقعہ پولیس کی ناکامی ہے، گلگت بلتستان میں امن کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، دن کا کرفیو ختم اور موبائل فون کھولنے کا اعلان جلد ہوگا۔