16 اپریل ، 2012
دیر بالا… دیربالا میں عوام کی جانب سے رضاکارانہ طور پر جمع کرایا گیا بھاری اسلحہ میڈیا کے سامنے پیش کردیا گیا۔ سیکیورٹی حکام نے ضلع دیر بالا کو اسلحہ سے پاک کرنے اور قیام امن کیلئے علاقہ عمائدین کے ساتھ جرگہ کے بعد عوام سے رضاکارانہ طور پر اپنے ہتھیار جمع کرانے کی اپیل کی تھی، جسکے بعد کوہستان اور شرینگل سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں عوام نے رضاکارانہ طور پر اپنا سلحہ سیکیورٹی فورسز کے پاس جمع کرایا۔ جمع کرائے گئے اسلحے میں اینٹی ایئر کرافٹ گن، ہیوی مشین گن، راکٹ لانچر، کلاشنکوف کے علاوہ ہزاروں راوٴنڈز بھی شامل ہیں۔ میجر محب نے اسلحہ میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے بریفنگ دی اور کہا کہ اسلحے سے پاک کرنے کا مقصد علاقے کو پرامن بنانا ہے۔ انہوں نے بھرپور تعاون کرنے پر دیربالا کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔