16 اپریل ، 2012
اسلام آباد … پاکستان میں امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا ہے کہ پاکستان کی پارلیمنٹ کی منظور کردہ سفارشات کو سراہتے ہیں اور ان میں اٹھائے گئے ایشوز پر بات کرنے کو تیار ہیں۔ اسلام آباد میں امریکی سفیر کیمرون منٹر نے اقتصادی امور ڈویژن میں امداد دینے کے ایک معاہدے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ وہ قومی سلامتی پر پارلیمنٹ کو سفارشات کی منظوری پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان پر حکومت پاکستان کی طرف سے پیشرفت کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے پارلیمنٹ کی منظور کردہ تمام سفارشات پر بات کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں انسداد منشیات کا پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ اس سے پہلے تقریب میں معاہدے کی ایک دستاویز پر دستخط کئے گئے، جس کے تحت سرحدی سیکیورٹی، نفاذ قانون، انسداد منشیات اور عدالتی اصلاحات کیلئے امریکا، پاکستان کو 110 ملین ڈالر دے گا۔