17 اپریل ، 2012
برسلز … اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ عالمی ادارے کے مبصرین کو ملک میں جنگ بندی کی آزادانہ نگرانی کے لیے نقل و حرکت کی ضمانت دینا شامی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے۔ برسلز میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بان کی مون نے صدر بشار الاسد پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ مبصرین کے کام میں کوئی رکاوٹ نہ پڑے۔گزشتہ روز دمشق میں مبصرین کی ایک چھ رکنی ٹیم پہنچی تھی تا کہ وہ شامی حکومت کے ساتھ مشن کے قواعد پر مذاکرات کر سکے۔ شام میں جمعرات کو فائر بندی معاہدے پر عمل درآمد شروع ہوا تھا۔ اِس کے بعد سے بڑے پیمانے پر تشدد کا سلسلہ تھم گیا ہے مگر گزشتہ چار روز سے حمص شہر پر اب بھی گولہ باری سے اس فائر بندی معاہدے کا مستقبل خطرے میں دکھائی دیتا ہے۔