15 ستمبر ، 2014
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر رکن محمد اشفاق نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ کے اس بیان پر کہ ہم صوبے کی تقسیم نہیں چاہتے ، سوال کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر سندھ کے نظام حکومت کو بہتر طور پر چلانے کیلئے نئے انتظامی یونٹس(ایڈمنسٹریٹو یونٹس ) یا صوبے نہیں بننے چاہئیں تو رتو ڈیرو، نوڈیرواور لاڑکانہ جیسے انکے آبائی شہر کی زبوں حالی کا کیا سبب ہے ؟ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے رہنما ان شہروں میں ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیکرخود بتائیں کہ وہاں ترقیاتی کاموں کی انتہائی خستہ حالت، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، اسپتالوں کی ناقص صورتحال اور تعلیمی اداروں کی تباہی کا سبب انتظامی یونٹس نہیں ہے تو پھر اور کیا سبب ہے ؟ محمد اشفاق نے کہاکہ سندھ کے عوام اب باشعور ہوچکے ہیں اور وہ خوب بہتر طورپر جانتے ہیں کہ پوری دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں لوکل باڈیز سسٹم اور نئے انتظامی یونٹس عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا باعث بنتے ہیں۔