16 ستمبر ، 2014
لندن......ڈاکٹر عمران فاروق کی چوتھی برسی پر اسکاٹ لینڈ یارڈ نے اپیل کی ہے کہ اس قتل کیس کی تفتیش میں تعاون کیا جائے۔برطانوی تحقیقاتی ا یجنسی اسکاٹ لینڈیارڈ کی جانب سے اس نئی اپیل میں بتایاگیا ہےکہ اب تک 4466 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔کیس سے متعلق 7401دستاویزات کا جائزہ لیا گیاہے۔اب تک 3900 شہادتیں رکارڈ کی گئیں اور 2 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکاہے۔اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہناہے کہ عمران فاروق قتل کیس پر پاکستانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور کیس کی مختلف زاویوں سے تفتیش کی جارہی ہے۔اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیاگیاکہ عمران فاروق کے قاتلوں کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ڈاکٹر عمران فاروق کو 16ستمبر2010 کو لندن میں گھر کے باہر قتل کردیا گیا تھا۔