16 ستمبر ، 2014
اسلام آباد......تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے بنا ثبوت الزام کی ایک اور تردید سامنے آگئی ۔ پمز کے سربراہ نے سترہ لاشیں چھپانے کے الزام کو جھوٹ قرار دیاہے ۔ ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہناہے یہ بات ثابت ہوجائے کہ تین سے زیادہ لاشیں لائی گئیں تو وہ ہرسزا کےلیے تیا رہیں ۔ پمز اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر جاوید اکرم نےعمران خان کی جانب سے سترہ لاشیں چھپائے جانے سمیت دیگر الزامات کی تردید کےلیے پریس کانفرنس کی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الزام کا ثبوت دیا جائے یا تحقیقات کےلیے کمیشن قائم کیا جائے ۔ عمران خان جو دھرنے کے شرکا سے عام طور پر سہ پہر یا رات میں خطاب کرتے ہیں آج صبح صبح کنٹینر کی چھت پر آئے اور انتہائی وثوق کیساتھ یہ الزام لگایا کہ پمز اسپتال نے حکومتی دباؤ پر سترہ لاشیں چھپائے رکھی ہیں ۔ڈاکٹر جاوید اکرم نےالزام لگانے کی روش پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک بیان سالوں کی محنت ضایع کردیتا ہے کسی ادارے کو تو چھوڑ دیا جائے، ہم نے عوام سے کوئی بات نہیں چھپائی، مریضوں کی بلاامتیاز خدمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین لاشیں پمز لائی گئیں تھیں ۔ اگر ان کی بات غلط ثابت ہوجائے تو وہ مستعفی ہونے سمیت ہر سزا کےلیے تیار ہیں ۔