16 ستمبر ، 2014
لاہور......جماعتِ اسلامی کےامیرسراج الحق کاکہناہےکہ سیاست اور جمہوریت بند گلی میں داخل ہوگئی ہے،وہ فریقین کے درمیان ڈیڈ لاک ختم کرنے کی کوشش کریں گے ۔پنجاب میں لاکھوں افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں ، وقت کا تقاضا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے۔منصورہ لاہورمیں جماعتِ اسلامی کی مجلس شوریٰ کا اجلاس ہوا،بعدمیں میڈیا سے گفتگوکرتےہوئےامیر ِجماعت اسلامی نے کہاکہ وہ حکومت ، پی ٹی آئی اور عوامی تحریک سے رابطے میں ہیں ، رحمان ملک کے آف لوڈ ہونےکی وجہ سے جرگے کا اجلاس ملتوی ہوا۔سراج الحق کاکہناتھاکہ فریقین کو کچھ پیچھے ہٹنا پڑے گا ،ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ہی قوم کو بحران سے نکالا جاسکتاہے۔ سراج الحق نےکہا کہ تینوں فریقین کو جمہوریت ،آئین اورعوام کے لئے اپنے خول سے باہر نکلنا ہو گا ،ان کے پاس وقت کم ہے، ہٹ دھرمی کے بجائے لچک کا مظاہرہ کریں۔ کالا باغ ڈیم کےسوال پرامیر جماعتِ اسلامی نےکہاکہ اس حوالےسےان کا مؤقف وہیہے جو پوری قوم کا ہے۔