21 اپریل ، 2012
اسلام آباد… شمالی بلوچستان کے شہروں میں 4روزسے بارش جاری ہے۔غذر کے پہاڑوں میں بارش اور برفباری سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقوں چمن ،پشین ،زیارت،بارکھان،ژوب سمیت بالائی علاقوں میں چوتھے روز بھی موسلا دھار بارش جاری ہے جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔بارشوں کی وجہ سے سردی بڑھ گئی ہے، غذرمیں دو روز سے پہاڑوں پربرفباری اور نشیبی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ برفباری اور بارشوں کی وجہ سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔اسکردو میں رات بھر بارش کے بعد موسم جزوی طورپر ابرآلود ہے۔ مالاکنڈ اور ہزارہ میں رات بھر بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ مظفرآباد میں رات بھر بارش کے بعد موسم صاف ہے۔ سندھ کے کئی شہروں میں گزشتہ روز کی بارشوں کے بعد گرمی کا زور کم ہوا ہے۔