21 اپریل ، 2012
گلگت… گلگت میں آج بھی صبح 6بجے سے شام 5بجے تک کرفیو میں نرمی ہے جبکہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جرگہ کا بھی انعقاد کیاگیا۔ کرفیو کے اوقات میں نرمی کے دوران چادر اوڑھنے ، جیکٹ پہننے اور دو سے زائد افراد کے ایک ساتھ گھومنے پر پابندی ہے۔دو سری جانب گلگت شہر میں مسلسل کرفیو اور صورتحال کوقابومیں لانے کے لئے ،مقامی ہوٹل میں صوبائی حکومت کے زیر اہتمام امن جرگہ کا انعقاد ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء اور عمائدین شہر نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان پیر کرم علی شاہ،اور فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل اکرام الحق اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کرفیو کا نفاذ مسئلہ کا مستقل حل نہیں ہے۔ اگر حالات کو سدھارنا ہے تو تمام فریقین کو مل بیٹھ کر اپنے معاملات طے کرنا اور شر پسندوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کرنا ہوگی۔