24 اکتوبر ، 2014
گجرات ......پاکستان تحریک انصاف آج گجرات میں جلسہ کر رہی ہے۔ جلسے سے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے ۔ سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔جلسے کیلئے پی ٹی آئی کارکنان میں خوب جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔گجرات میں ظہورالہٰی اسٹیڈیم میں آج پاکستان تحریک انصاف عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے۔ گزشتہ روز کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام ف کا جلسہ ختم ہونے کے بعد ہونیوالے خودکش دھماکے کے پیش نظر جلسے کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیاگیاہے۔اسٹیڈیم کے ارد گرد عمارتوں کی تلاشی لی گئی اور ہر ممکن کوشش کی گئی ہے کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات ہیں۔ 27 سو پولیس اہلکار اور پاکستان تحریک انصاف کے 500 رضاکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔کسی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے جلسہ گاہ کے اندر میڈیکل کیمپس بھی قائم کردیے ہیں۔ ظہورالہٰی اسٹیڈیم کے باہر مختلف اسٹالز لگائے گئے ہیں جہاں پی ٹی آئی پرچم کی بہار ہے۔ عمران خان کی تصویر والے پوسٹرز اور ٹوپیاں فروخت کی جارہی ہیں۔ منچلے نوجوان فیس پینٹنگ کروا رہے ہیں۔ وقفے وقفے سے موٹرسائیکل ریلیاں بھی نظر آتی ہیں جلسے کے حوالے سے خوب جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔