پاکستان
24 اکتوبر ، 2014

تمام ایجنسیوں کے اہلکاروں کو سی اے اے میں ضم کرنے کی درخواست

تمام ایجنسیوں کے اہلکاروں کو سی اے اے میں ضم کرنے کی درخواست

کراچی...... سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ ایف آئی اے ، کسٹم اور اے این ایف سمیت ایئرپورٹ پر خدمات انجام دینے والی تمام ایجنسیوں کے اہلکاروں کو ڈیپوٹیشن پر سی اے اے میں ضم کیا جائے ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد یوسف نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مسافروں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ایئرپورٹس پر متعین تمام اہلکار ایک اتھارٹی کے تحت ہوں، ان اہلکاروں پر اختیار نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کی شکایات بڑھ گئی ہیں۔محمد یوسف نے مزید کہا کہ ملک میں 42 میں سے صرف 26 ایئرپورٹس کام کررہے ہیں ،سیاسی بنیادوں پر ایئرپورٹ تعمیر کرکے قوم کا پیسہ ضائع کیا گیا ہے، پروازوں کی منسوخی، طویل تاخیر اور مسافروں کو ہوٹل نہ فراہم کرنے پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چند ہی ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز کام کررہی ہیں ہم انہیں بھگا نا برداشت نہیں کرسکتے۔ پاکستان میں غیر ملکی ایئر لائنوں کے نہ آنے کی سب سے بڑی وجہ امن و امان کی صورتحال ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ایئرپورٹ کی سیکورٹی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کئے گئے ہیں۔ ڈی جی سی اے اے کا کہنا تھا کہ نیواسلام آباد ایئرپورٹ 2016 تک مکمل ہوجائے گا تاہم موجودہ ایئرپورٹ پر بھی مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

مزید خبریں :